بھٹکل:8؍جون(ایس اؤ نیوز)سرکاری امداد بند ہونےکی وجہ سے بی آر شٹی فاؤنڈیشن کی طرف سے سرکاری اسپتالوں میں جاری ڈیالسس خدمات کو عارضی طور پر بند کیاگیا تھا۔ ادارے کے اس فیصلے سے ڈیالسس کے مریضوں کو کافی پریشانی ہورہی تھی تو بھٹکل کےرکن اسمبلی سنیل نائک نے ڈیالسس کی خدمات کو اپنے ذاتی خرچ پر جاری رکھنےکا فیصلہ لیاہے۔
وہ یہاں اپنے اس فیصلے پر عمل کرتےہوئے پیر کی شام سرکاری اسپتال پہنچ کر اسپتال کی میڈیکل آفیسر ڈاکٹر سویتا کامت کو امداد ی رقم کا چک سونپا۔ اس موقع پر انہوں نے بات کرتےہوئےکہاکہ بھٹکل ہوناور ودھان سبھا حلقہ کے ڈیالسس مریضوں کو تکلیف سے بچانے کےلئے میں نے یہ قدم اٹھایاہے۔ میری طرف سے ادا کردہ رقم ڈیالسس اور ضروری اشیاء کی خریداری کے لئے استعمال ہونگے۔ بھٹکل تعلقہ میں کوروناکے حالات پر گفتگو کرتےہوئےرکن اسمبلی نےکہاکہ بھٹکل تعلقہ میں دن بدن کورونا کے متاثرین میں کمی ہورہی ہے، ان حالات میں کسی طرح کی بھی ڈھیل نہیں دینی چاہئے۔
بھٹکل سرکاری اسپتال کی میڈیکل آفیسر ڈاکٹر سویتا کامت نے بتایا کہ بی آر شٹی فاؤنڈیشن کی طرف سے ڈیالسس کی خدمات کو بند کئےجانے کے بعد بھی اسپتال کی طرف سے خدمات جاری رکھی گئی تھیں، چونکہ اس کے لئے اسپتال کی رقم زیادہ خرچ نہیں کرسکتے تو ہم نے رکن اسمبلی کی امداد سے ایک متبادل راستہ نکال لیاہے۔ ڈیالسس کی خدمات کو روکے جانے سےپوری ریاست میں مسئلہ پیدا ہوگیا ہے امید ہےکہ بہت جلد یہ مسئلہ حل ہوجائے گا۔ سرکاری اسپتال کے ڈاکٹر لکشمیش نائک، بھٹکل بی جے پی منڈل کے صدر سبرائے دیواڑیگا، دنیش نائک، راجیش نائک، وویک نائک، شری کانت نائک، پانڈونائک وغیرہ موجود تھے۔